مولانا محمد وسیم اختر ریاضی کی خبر کے مطابق گزشتہ کل مملکة سعودی عرب کے داعي وزارة الشؤون الإسلامية بالدعوة والإرشاد فضیلة الشيخ سالم محمد المري کی جمعیت علمائے اہل حدیث کے مرکزی دفتر میں تشریف آوری ہوئی ۔حافظ منظور احمد المدنی،ڈاکٹر اورنگزیب تیمی،مولاناوسیم احمد ریاضی سمیت دیگر محبین نے شیخ مکرم کا پرزور استقبال کیا۔ فضیلة الشيخ:شیخ سالم محمد المري نے آج بروز جمعہ ‘جمعیت علمائے اہل حدیث’ کی مسجد میں، خطبہ جمعہ دینے کے ساتھ، نماز جمعہ بھی پڑھایا۔ شیخ محترم نے اپنے خطبہ میں فرمایا کہ: رمضان المبارک اپنی تمام تر عظمتوں،رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ ہم پر سایہ فگن ہے؛اس لیے تمام مسلمان رمضان کی عظمت کا خاص خیال رکھتے ہوئے منہیات سے اجتناب کی بھرپور کوشش کریں۔ اور اس ماہ مبارک میں کثرت سے قرآن مقدس کی تلاوت کریں، نوافل کا بھی اہتمام کریں اور خوب استغفار پڑھیں؛کیوں کہ استغفار پڑھنے کی بڑی فضیلت ہے: خداوند عالم استغفار پڑھنے والے کے لیے ہر تنگی سے نکلنے کا راستہ نکال دیتاہے اور ہر غم سے خلاصی عطا فرماتاہے اور اس کو ایسی جگہ سے حلال روزی دیتا ہے،کہ جس کا اسے کبھی گمان تک نہیں ہوسکتا۔
شیخ مکرم نے مزید کہا کہ : کہ عام دنوں میں راہ خداوندی میں ایک روپے خرچ کرنے پر، من جانب اللہ دس دینے کا وعدہ ہے؛مگر اس ماہ مبارک کی ایک خاص تاثیر یہ ہے کہ اس میں ایک روپے خرچ کر نے پر ستر روپے دینے کا خدائی وعدہ ہے ؛اس لیے غریبوں ،مسکینوں ،یتیموں اور بیواؤں کا غایت درجہ خیال رکھیں۔