تخلیق : مولانا عزیز الرحمن سلفی
ماخوذ: شعری مجموعہ پرواز (مطبوع)
(۷؍شوال المکرم ۱۳۹۶ھ۱؍ اکتوبر ۱۹۷۶ء (بروزشنبہ)
تعریف اس کی
جس نے بنایا
جس نے زمیں پر
انساں بسایا
کھیتوں میں جس نے
غلہ اگایا
چڑیوں کو جس نے
اڑنا سکھایا
ہم اس کے بندے
وہ ربِّ اکبر
اَللّٰہُ اَکْبَرْ اَللّٰہُ اَکْبَرْ
بادل سے جس نے
پانی دیا ہے
کھانے کی خاطر
روزی دیا ہے
سورج کو جس نے
روشن کیا ہے
دریا میں موتی
پیدا کیا ہے
پیٹوں میں جس نے
کھانا دیا ہے
شب کو دیا ہے
ماہ منور
اَللّٰہُ اَکْبَرْ اَللّٰہُ اَکْبَرْ
اس نے بنائے
پھل پھول سارے
ارض و فلک سب
روشن ستارے
کوہ و سمندر
آتش شرارے
شجرو حجر سب
دلکش نظارے
جن و ملائک
کیا ماہ پارے
سب میں نمایاں
قدرت کے جوہر
اَللّٰہُ اَکْبَرْ اَللّٰہُ اَکْبَر
تاروں کو تونے
تابانیاں دیں
بلبل کو تونے
پھلواریاں دیں
پھولوں کو تونے
رنگینیاں دیں
انساں کو تونے
ہیں بولیاں دیں
دے کر غلامی
پابندیاں دیں
پیدا کئے ہیں
لعل و جواہر
اَللّٰہُ اَکْبَرْ اَللّٰہُ اَکْبَر
جینے کی خاطر
روزی عطا کی
ننگی زمین کو
سبزی عطا کی
اچھے برے کی
طاقت عطا کی
آپس میں ہم میں
الفت عطا کی
شمع ہدایت
قرآں عطا کی
بہرِ ہدایت
بھیجے پیمبر
اَللّٰہُ اَکْبَرْ اَللّٰہُ اَکْبَر
جن و ملائک
تیرے بھکاری
نبی و پیمبر
تیرے پجاری
عالم ہو کوئی
یا کوئی قاری
کرتے تجھی سے
ہیں آہ وزاری
توسب کا ہادی
توسب کا رہبر
اَللّٰہُ اَکْبَرْ اَللّٰہُ اَکْبَر
ہم کو دکھا دے
راہ ہدایت
کردے جدا سب
ہم سے جہالت
ہم میں ہو پیدا
دینی حرارت
باطل کی کر دے
کمتر شرارت
خوش خوش ہوںہم سب
روزِ عدالت
پانی پلائیں
ساقیِٔ کوثر
اَللّٰہُ اَکْبَرْ اَللّٰہُ اَکْبَر