گاندھی منڈیلا فاؤنڈیشن کی جانب سے عالمی یومِ یوگا کی شاندار تقریب;
"یوگا شاکھا”کے1 ہزار دن مکمل ہونے کے قریب سے لوگوں میں جوش و خروش
نئی دہلی، 22 جون (نامہ نگار): راجدھانی کے حوض خاص علاقہ کے تحت ڈيیر پارک میں گاندھی منڈیلا فاؤنڈیشن اوربھارت بھارتی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے مسلسل چوتھے سال عالمی یومِ یوگا کے موقع پر ایک شاندار اور با وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحتمند طرزِ زندگی، جسمانی و ذہنی تندرستی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کی”یوگاشاکھا” اپنے1ہزار دن مکمل کرنے کے تاریخی سنگِ میل کے قریب پہنچنے پر بھی خوشی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں کھیل، سماجی خدمات، انتظامی امور اور عوامی زندگی سے وابستہ متعدد ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی میں اولمپین، سابق بین الاقوامی ہاکی کھلاڑی اور ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے صاحبزادے اشوک کمار دھیان چند، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سابق اسپیشل ڈائریکٹر اور جی ایس ٹی کے سابق رکن ایس.کے پانڈا، زی میڈیا گروپ کے چیئرمین، بی جے پی کے سینئر رہنما اور بھارت بھارتی کے نارتھ انڈیا کے انچارج الحاج محمدعرفان احمد، انڈین پیرا اولمپک ایسوسی ایشن کے سی او۔او وویک جی اور گاندھی منڈیلا فاؤنڈیشن کی مکھرجی نگرشاکھا کے رضاکار بڑی تعداد میں موجود تھے۔
اس موقع پر الحاج عرفان احمد نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ یوگا صرف ایک جسمانی ورزش نہیں بلکہ ایک مکمل طرزِ حیات ہے جو انسان کو جسمانی، ذہنی اور روحانی طور پر مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں یوگا کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے اور یہ پوری انسانیت کو صحت، سکون اور توازن کا پیغام دیتا ہے۔ اولمپین اشوک کمار دھیان چند نے اپنی تقریر میں کہا کہ کھیل اور یوگا ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ یوگا نہ صرف جسم کو چاق و چوبند رکھتا ہے، بلکہ انسان کی توجہ، قوتِ ارادی اور کارکردگی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ سابق اسپیشل ڈائریکٹر ایس.کے پانڈا نے کہا کہ یوگا ہماری قدیم تہذیبی وراثت کا قیمتی تحفہ ہے جسے آج پوری دنیا نے قبول کیا ہے۔انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنی روزمرہ زندگی کاحصہ بنائیں۔ تقریب کے سربراہ اور گاندھی منڈیلا فاؤنڈیشن کے سیکٹر ی جنرل کے ایڈوکیٹ نندن جھا نے سبھی مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ گاندھی منڈیلا فاؤنڈیشن گزشتہ 4برسوں سے مسلسل عالمی یومِ یوگا منارہی ہے اور "یوگا شاکھا” کے1 ہزاردن مکمل ہونے کا سنگِ میل اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے میں صحت اور مثبت طرزِ زندگی کے فروغ کیلئے انکی کوششیں کامیابی کیساتھ جاری ہیں۔ آخر میں تمام مہمانانِ گرامی، شرکاء، معاونین اورخیرخواہوں کا شکریہ ادا کیا گیا، جنکے تعاون سے یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ مستقبل میں بھی یوگا کے ذریعے صحت، فلاح، بھائی چارے، قومی یکجہتی اور انسانیت کے فروغ کیلئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ بتا دیں کہ یہ تقریب بھارت بھارتی اور نوچیتنا فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کی گئی، جسے شرکاء تقریب نے بیحد سراہا۔

