الحمدللہ! مکتبہ مصباح الاسلام احمد آباد نے اپنے دعوتی و اصلاحی مشن میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ مسلسل چار سالوں پر محیط یہ بابرکت سفر، جس کا مقصد قرآن و سنت کی روشنی میں اصلاحِ امت اور فروغِ دین تھا، آج اپنی پچاسویں منزل تک جا پہنچا ہے۔ یہ پچاس ماہانہ اجلاس صرف رسمی نشستیں نہ تھیں، بلکہ یہ روحانی تربیت، فکری بیداری، اور علمی تشنگی بجھانے کے مبارک مواقع تھے۔ ہر ماہ، علمائے کرام کی بصیرت افروز تقاریر، قرآن و حدیث کی روشنی میں نصیحت آموز بیانات، اور معاشرتی اصلاح کے نادر پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا۔ مکتبہ مصباح الاسلام احمد آباد الحمدللہ گزشتہ چار سالوں سے دعوت و تبلیغ کے کام میں مصروف ہے۔ اسی سلسلے میں 16 فروری 2025 کو صوبہ گجرات کے مشہور و معروف شہر احمد آباد کے ملت نگر علاقے میں مکتبہ مصباح الاسلام کے زیرِ اہتمام اور مقامی جمعیت اہل حدیث ملت نگر کی سرپرستی میں پچاسواں ماہانہ دعوتی و اصلاحی پروگرام منعقد ہوا، جس کی صدارت فضیلۃ الشیخ محمد اقبال اثری حفظہ اللہ (سابق امام و خطیب، محمدی مسجد اہل حدیث، ملت نگر) نے کی، جبکہ جناب ایوب علاءالدین صاحب (ناظم، شہری جمعیت اہل حدیث، احمد آباد) مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک رہے۔ اس پروگرام میں فضیلۃ الشیخ احسان الٰہی سلفی حفظہ اللہ (سامرود، سورت) نے "بچوں کی تعلیم میں ماؤں کا کردار” کے عنوان پر سامعین سے خطاب کیا، جبکہ فضیلۃ الشیخ انعام الرحمن سنابلی حفظہ اللہ و تولہ نے "علم سے دوری کے نقصانات” پر روشنی ڈالی۔
پچاسواں اصلاحی پروگرام
اللہ تعالیٰ اس پروگرام میں محنت کرنے والے فضیلۃ الشیخ ثاقب فیضی حفظہ اللہ، حافظ عطاء الرحمن رحمانی حفظہ اللہ، جناب حسیب بھائی قریشی حفظہ اللہ اور احبابِ جماعت کی کاوشوں اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔ آمین۔