Education تعلیم

صباماہین کی عالمی چیمپئن شپ کیلئے شاندار کامیابی

ڈاکٹر عبدالقدیر کا مکمل تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

حیدرآباد۔ حیدرآباد کے علاقہ کشن باغ، بہادرپور سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت طالبہ اور ابھرتی ہوئی کراٹے کھلاڑی صباماہین بنت خواجہ معین الدین نے اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں، محنت، مستقل مزاجی اور کھیل کے تئیں بے پناہ شوق کے ذریعہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ ملت اور ریاست کا نام بھی روشن کردیا ہے۔ کم عمری میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صباماہین کا انتخاب 8 تا 10 مئی 2026ء ملیشیا میں منعقد ہونے والی 22ویں عالمی چیمپئن شپ مقابلوں کیلئے عمل میں آیا ہے، جس پر تعلیمی و سماجی حلقوں میں مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔صباماہین نے تلنگانہ ریاستی سطح کے کراٹے مقابلوں میں اب تک 22 گولڈ میڈلس حاصل کرکے اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اس کے علاوہ قومی سطح پر راجستھان 2023ء، ممبئی 2024ء اور راجستھان 2025ء میں منعقدہ کراٹے و کومیٹے مقابلوں میں تین گولڈ میڈلس حاصل کرکے اپنی فنی مہارت کا ثبوت پیش کیا۔ ان کی مسلسل کامیابیاں اس بات کی غماز ہیں کہ اگر عزم و حوصلہ بلند ہو تو کم عمری بھی بڑی کامیابیوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ اس موقع پر صباماہین کے کوچ ماسٹر محمد عمر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صباماحین کو شروع ہی سے کراٹے کھیل سے غیرمعمولی دلچسپی تھی اور اس نے نہایت لگن اور سنجیدگی کے ساتھ تربیتی مراحل طے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی چیمپئن شپ کیلئے ان کا انتخاب مکمل طور پر ان کی صلاحیت، محنت اور کارکردگی کا اعتراف ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ خود اور صباماحین کے والد خواجہ معین الدین بھی ان کے ہمراہ ملیشیا روانہ ہوں گے۔ دریںاثناء صباماہین اپنے والدین کے ہمراہ شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنس بیدر پہنچیں اور چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب نے صباماہین کی شاندار کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور عالمی سطح پر مزید کامیابیوں کیلئے نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا۔اس ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب نے ایک اہم اور حوصلہ افزا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صباماہین کی آئندہ تعلیمی ذمہ داری شاہین ادارہ جات اپنے سر لے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آٹھویں جماعت سے دسویں جماعت تک کی مکمل تعلیم کے اخراجات شاہین ادارہ جات برداشت کریں گے، جبکہ اگر صباماہین مستقبل میں میڈیکل میدان میں آگے بڑھنے کی خواہشمند ہوں تو گیارہویں، بارہویں جماعت اور NEET کی تیاری کے تمام اخراجات بھی ادارہ کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب نے کہا کہ صباماہین جیسی باصلاحیت اور باحوصلہ بچیاں پوری ملت کیلئے باعثِ فخر ہیں اور ملت کی دیگر بچیوں کیلئے ایک مثالی نمونہ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم بچیاں تعلیم، کھیل اور دیگر میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں اور اپنی دینی و تہذیبی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابیوں کی نئی تاریخ رقم کریں۔ واضح رہے کہ صباماہین نے کراٹے کی سخت تربیت کے ساتھ ساتھ حیدرآباد کے گریس یکسل اسکول سے ساتویں جماعت تک کی تعلیم بھی نمایاں کامیابی کے ساتھ مکمل کی ہے، جس سے ان کی تعلیمی اور غیرنصابی سرگرمیوں میں یکساں دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔
تصویر ای میل

Related posts

پروفیسر شمیم جیراج پوری کے اہل خانہ سے وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن کی تعزیت

Paigam Madre Watan

ہر صنف میں میر کی استادی نظر آتی ہے: ماہرین میر کا خطاب

Paigam Madre Watan

وکست بھارت صرف خود انحصاری سے ممکن

Paigam Madre Watan