مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا دوسر ا اعلیٰ سطحی راحتی وفد
آسام کے سیلاب متاثرہ مقامات کے دورے پر
۲۱؍ستمبر ۲۰۲۶ء :مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی اور ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی کی قیادت اور صوبائی جمعیت اہلحدیث ممبئی کے نائب امیر عبدالحمید خان اور ناظم مولانا عبدالرشید سلفی کی معیت اور صوبائی جمعیت اہلحدیث آسام کے امیر مولانا حفظ الرحمن مدنی ودیگر ذمہ داران کی رہنمائی میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کا اعلیٰ راحتی وفد آسام کے دورے پر ہے۔ یہ دورہ ۱۹؍ستمبر ۲۰۲۶ء سے شروع ہوکر ۲۲؍ستمبر ۲۰۲۶ء تک جاری رہے گا۔ یہ جانکاری مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند سے ذرائع ابلاغ کے نام جاری ایک بیان میں دی گئی۔
پریس ریلیز کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے اعلیٰ سطحی راحتی وفد نے آسام کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ وہاں کی تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کی ، متاثرین کی دلجوئی کے کلمات کہے اور ان کے مابین وسیع پیمانہ پر چیک اور نقد ریلیف تقسیم کی۔ اس راحتی وفد نے جن سیلاب متاثرہ مقامات کا دورہ کیا ان میں ضلع شیو ساگر کے نیپالی کوٹھی، سنتوک اور بیہوبور، سنگل بستی وغیرہ مقامات قابل ذکر ہیں ۔ واضح رہے کہ اس موقر راحتی وفد کے پیش نظر دیگر متاثرہ مقامات کا دورہ اور متاثرین کی ریلیف کے ساتھ ساتھ ان کی باز آباد کاری بھی ہے، یہ دورہ کل تک جاری رہے گا ۔
واضح رہے کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے اعلیٰ سطحی راحتی وفد نے سیلاب کے معاً بعد آسام کے سیلاب متاثرہ مقامات کا دورہ کر کے ضروری اشیاء تقسیم کی تھی اور ان کے کھانے ، پینے وغیرہ کے انتظام و انصرام کیا تھا۔ اس وفد میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغر علی امام مہدی اور ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی بھی شریک تھے۔ اسی طرح مرکزی جمعیت کے تعاون سے صوبائی جمعیت اہل حدیث آسام کے ذمہ داران نے بھی متاثرہ مقامات کا ایک خصوصی دورہ کیا تھا اور متاثرین کے درمیان ریلیف وغیرہ تقسیم کی تھی۔

