National قومی خبریں

مسلم یوتھ لیگ کے نمائندہ اجلاس میں گرما گرم بحثیں مودی کا انجام بھی ہٹلر اور مسولینی جیسا ہوگا: ڈاکٹر ایم کے منیر

مسلم یوتھ لیگ کے نمائندہ اجلاس میں گرما گرم بحثیں

مودی کا انجام بھی ہٹلر اور مسولینی جیسا ہوگا: ڈاکٹر ایم کے منیر

 

کوچی: کیرالا انتظامی اصلاحات کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ایم کے منیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا انجام بھی جرمنی کے آمر ہٹلر اور اٹلی کے ڈکٹیٹر مسولینی جیسا ہوگا۔ وہ مسلم یوتھ لیگ کے ریاستی کنونشن کے تحت منعقدہ نمائندہ اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آمریت پسند حکمرانوں کے زوال کا دور ہے۔ اسی لیے ڈونالڈ ٹرمپ اور بنجامن نیتن یاہو کو بھی سیاسی مزاحمت اور پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بالآخر ان کا انجام بھی ہٹلر اور مسولینی جیسا ہی ہوگا۔ نریندر مودی کو بھی اسی طرح کے انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ڈاکٹر منیر نے کہا کہ جدوجہد میں وقت ضرور لگتا ہے، لیکن بالآخر کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ نوجوانوں کے احتجاج کا ہی نتیجہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آج شدید دباؤ اور مشکلات سے دوچار ہیں۔ مہاتما گاندھی کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناتھورام گوڈسے کی چلائی ہوئی تینوں گولیاں گاندھی جی کے جسم کے دائیں حصے میں لگی تھیں۔ یہ دراصل دائیں بازو کی فسطائی سیاست کی پہلی گولیاں تھیں۔ ایم ایس گولوالکر اور وی ڈی ساورکر گاندھی کے مخالف تھے۔ گولوالکر نے ترواننت پورم پہنچ کر گاندھی کے خلاف تقریر کی تھی اور اس کے دو ہفتے بعد گاندھی کا قتل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’گاندھی کا تصور ہی ہندوستان کا تصور ہے۔ اگر گاندھی کا پیش کردہ سیکولرازم برقرار رہا تو فسطائیت کے لیے اس ملک میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ ایک زمانے میں ملک کو گاندھی کے قتل کا سامنا تھا، لیکن آج ملک ووٹ کے قتل جیسے سنگین مسئلے سے دوچار ہے۔ نوجوانوں کو اس ناانصافی کے خلاف سڑکوں پر اترنا ہوگا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کرنے والا کوئی بھی ہو، اس کی مخالفت ضروری ہے۔ نفرت پھیلانے والوں کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

ایک متنازعہ یوٹیوبر سے اپنی ملاقات کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر منیر نے کہا کہ وہ خود اس سے ملاقات کے لیے نہیں گئے تھے بلکہ بیماری کے دوران وہ شخص ان کی عیادت کے لیے آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں گھر آنے والوں کو دروازے سے واپس لوٹانے کی روایت نہیں ہے۔ میں اس باپ کا بیٹا ہوں جس نے اپنے اوپر تیزابی بلب پھینکنے والے مارار کے ملاقات کے لیے آنے پر اسے چائے پیش کرکے استقبال کیا تھا۔ میں اس باپ کا بھی بیٹا ہوں جس نے کہا تھا کہ اگر آر ایس ایس کا کوئی شخص حرم میں مصلّیٰ بچھا کر نماز بھی ادا کرے، تب بھی اس تنظیم پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ مسلم یوتھ لیگ کے ریاستی صدر پناکاڈ سید منور علی شهاب تنگل نے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ ریاستی جنرل سکریٹری پی کے فیروز نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ شویتا بھٹ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ کے ریاستی جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ پی ایم اے سلام، قومی سکریٹری ٹی اے احمد کبیر، وزیر تعمیرات عامہ پی کے بشیر، ریاستی سکریٹریز پی عبد الحمید اور رفیق منیملا، رکن اسمبلی نجیب کانتھاپورم، ٹی پی اشرف علی، یوتھ لیگ کے قومی جنرل سکریٹری شیبو میران، ویمنس لیگ کی ریاستی صدر زہرہ ممباڈ اور ایم پی اشرف موپن نے بھی خطاب کیا۔

Related posts

جامعہ سلفیہ میں نصابی تبدیلیاں اور علمی روایت کا تحفظ ۔ کتابوں کے اخراج کے تناظر میں چند معروضی گزارشات

Paigam Madre Watan

اتحاد اللہ کی نعمت ہےاسلام کی ہر عبادت میں اجتماعیت اور اتحاد کاسبق ہے

Paigam Madre Watan

एसए बिल्डर्स: हैदराबाद भूमि का बेताज भू-माफिया

Paigam Madre Watan