حیدرآباد، (پی ایم ڈبلیو نیوز) امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کے تعاون سے انسٹرکشنل میڈیا سنٹر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج ایک خصوصی ماسٹر کلاس برائے فوٹوگرافی کا انعقاد کیا جس میں نامور امریکی آرٹسٹ نولان ریان ٹروے نے فوٹوگرافی کے موضوع پر شرکاء کی تربیتی کلاس لی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائرکٹر آئی ایم سی، رضوان احمدنے کہا کہ ماسٹر کلاس کے انعقاد سے طلبہ و دلچسپی رکھنے والے حضرات کو فوٹوگرافی سیکھنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم میسر آیا اور ایک ماہر امریکی فوٹوگرافی آرٹسٹ سے سیکھنے کا موقع ملا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی فوٹوگرافر نولان نے کہا کہ تصویری کہانیوں کو بیان کرنے کے دوران چند ایک امور کا لحاظ رکھا جائے۔ بڑی بڑی کہانیاں ہی نہیں بلکہ فلسفے کو بھی بیان کرنا ممکن ہے۔ انہوں نے خود اپنی زندگی کی جدوجہد کو بیان کرتے ہوئے بتلایا کہ جسمانی معذوری کے باوجود وہ نہ صرف تصویری کہانی بیان کرنے میں کامیاب ہوئے تو اس کا سبب یہ ہے کہ وہ اپنے ناظرین کو دیے جانے والے سبق پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔قبل ازیں امریکی قونصل خانہ کے عہدیدار ڈاکٹر سلیل قادر نے تہذیبی تعاون اور تبادلہ کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام سے ہر دو ملکوں کے عوام کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ ڈاکٹر قادر نے امریکی آرٹسٹ نولان کا ابتداء میں تعارف پیش کیا جبکہ ڈائرکٹر آئی ایم سی رضوان احمد نے خیر مقدمی کلمات پیش کیے۔عبیداللہ ریحان نے شکریہ ادا کیا جبکہ ڈاکٹر محمد امتیاز عالم نے کارروائی چلائی۔
مرکز مطالعاتِ اردو ثقافت ، مانو کے زیر اہتمام شامِ غزل
مرکز مطالعاتِ اردو ثقافت ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور بزمِ غزل ، حیدرآباد کے اشتراک سے 2؍ دسمبر 2023، 6:30بجے شام ڈی ڈی ای آڈیٹوریم ، مانو میں شامِ غزل کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی، ڈائرکٹر مرکز مطالعاتِ اردو ثقافت کے بموجب حیدرآباد کے مشہور غزل خواں جناب عدنان سالم اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ عدنان سالم معروف کلاسیکل غزل سنگر اور کمپوزر ہیں۔ استاد منور علی خاںجو پدم بھوشن استاد بڑے غلام علی خاں صاحب کے فرزند ہیں ان کے شاگرد رشید ہیں ۔ وہ ہندوبیرون ہند مثلاً مسقط، عمان ،دوہا، قطر،انڈین ہائی کمیشن لندن وغیرہ میں اپنی گائیگی کا جادو جگا چکے ہیں۔ انھیں انڈین لٹریچر و آرٹس کونسل کی جانب سے گولڈن وائس ایوارڈ، اس کے علاوہ سن آف انڈیا راجیو گاندھی ایوارڈ، میوزیکل وائس ایوارڈ،غزل سمراٹ آف حیدرآباد، گل کارِ حیدرآباد ایوارڈ، ستارہِ غزل ایوارڈ،غزل آئیکان ایوارڈ اور کلچرل آئی کان ایوارڈ (ترکی ) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ پروفیسرسید عین الحسن ، شیخ الجامعہ ، پروگرام کی صدارت کریں گے۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، مہمان اعزازی ہوں گے۔ بانی بزمِ غزل محترمہ نرگس خان کی زیر پرستی اس پروگرام کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ محترمہ اندرا دیوی دھن راجگیرجی مہمان خصوصی ہوں گی۔ تمام ادب دوست اور غزل شائقین سے بہ پابندیِ وقت شرکت کی خواہش کی جاتی ہے۔