حیدرآباد(پی ایم ڈبلیو نیوز) کنٹرولر امتحانات، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے مطابق اسکالر سید انعام الرحمن فرزند جناب سید فصل الرحمن کو شعبہ ٹرانسلیشن اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنا مقالہ ’’مہاتما گاندھی سے متعلق انگریزی کتابوں کے اردو تراجم: ایک جائزہ‘‘ ، کے موضوع پر ڈاکٹر سید محمود کاظمی،اسوسیئٹ پروفیسر، شعبہ ٹرانسلیشن، مانو کی نگرانی میں مکمل کیا۔ ان کا وائیوا 22 نومبر کو ہوا۔
اُردو یونیورسٹی، شعبۂ کمپیوٹر سائنس کو 95 کروڑ روپئے کے پراجیکٹ کا حصول
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس و آئی ٹی کو وزارت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (مائیٹی) کی جانب سے ایک انتہائی اہم پراجیکٹ حاصل ہوا۔ 95 کروڑ روپئے کے مالیاتی فنڈ کے ساتھ اس پراجیکٹ کے حصول سے یونیورسٹی کے سماجی اثرات اور شمولیت پر مبنی کامیاب سرگرمیوں کو نئی تحریک ملی ہے۔ یونیورسٹی کے سابقہ کامیاب تحقیقی سرگرمیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وزارت الیکٹرانکس نے یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس و آئی ٹی کو اس پراجیکٹ کی ذمہ داری دی ہے۔ پراجیکٹ کا موضوع ’’ذہنی معذور افراد کے اکتساب و تشخیص کے لیے ورچول ریئلیٹی پر مبنی معاون نظام‘‘ ہے۔ اردو یونیورسٹی کے ساتھ اس پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے نیشنل انفارمیٹکس سینٹر سروسز انکارپوریٹڈ (NICSI) بھی اشتراک کرے گا۔ پروفیسر عبدالواحد، ڈین اسکول آف ٹیکنالوجی و چیف انوسٹگیٹر کی سرپرستی میں اس انتہائی اہم پراجیکٹ کا حصول، ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اکیڈیمک کونسل کے اجلاس میں پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر اور اراکین نے پروفیسر عبدالواحد اور ان کی ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ کامیابی کی جانب اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے حاشیہ بردار افراد کی شمولیت کے ذریعہ سماج کی ترقی کا کام سہل کریں گے۔