قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام ’خواب، کتاب اور بچے‘ کے عنوان سے بچوں کے ادب پر سہ روزہ ورکشاپ کا افتتاح
ممبئی/دہلی: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام خلافت ہاؤس، ممبئی میں ’خواب، کتاب اور بچے‘ کے عنوان سے آج سہ روزہ ورکشاپ کا افتتاح عمل میں آیا۔ ورکشاپ کے افتتاح سے قبل ’گل بوٹے‘ اور خلافت ہاؤس کے اشتراک سے جشن بچپن کا بھی افتتاح عمل میں آیا جس کے مہمان خصوصی قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال تھے۔ خلافت ہاؤس میں قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ادب کی تخلیق کے لیے سہ روزہ ورکشاپ اور نمائش کتب و فروخت کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں مہاراشٹر اور بیرون مہاراشٹر کے اہم ادبا و تخلیق کار شریک ہورہے ہیں۔ ورکشاپ کے افتتاح کے موقعے پر اظہار خیال کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے تفصیل سے ورکشاپ کا تعارف اور مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے لیے عہد حاضر کی ضرورتوں کے مطابق ادب تخلیق کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قومی اردو کونسل آپ کے دروازے پر مہم کے تحت ملک بھر کے بچوں کو کتابوں سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے اور ان کے لیے مفید لٹریچر تیار کروا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سہ روزہ ورکشاپ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں ملک کے اہم تخلیق کار اور بچوں کے ادیب شریک ہو رہے ہیں ، مجھے امید ہے کہ اس دوران بچوں کے لیے عمدہ و معیاری مواد تیار ہوکر سامنے آئے گا۔ ڈاکٹر حافظ کرناٹکی نے کہا کہ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر آنے والی نسل کو اچھی غذا فراہم کر رہے ہیں، یہ کام ہر صوبے میں ہونا چاہیے، اور اس طرح کے تدریبی پروگرام پورے ہندوستان میں ہونا چاہیے۔ آج کا یہ پروگرام ایک تاریخی پروگرام ہے ، جس انداز سے کہانیوں کا سلسلہ چل رہا ہے بڑا اہم کارنامہ ہے، اس سلسلے کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر صادقہ نواب سحر نے بھی اس ورکشاپ کو اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سہ روزہ ورکشاپ میں ڈاکٹر حافظ کرناٹکی، ڈاکٹر صادقہ نواب سحر ،آفتاب حسنین، ایم مبین، اقبال نیازی، مشتاق کریمی،محمد اسلم پرویز، حامد اقبال صدیقی، فرحان حنیف وارثی، شاہ تاج خان اور اقبال برکی بحیثیت تخلیق کار شرکت کر رہے ہیں۔
ورکشاپ کے آغاز سے قبل ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال، محترمہ نفیسہ مظفر حسین، سرفراز آرزو، قومی اردو کونسل کے ممبر عبدالستار، عرفان علی پیرزادے، ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی، فاروق سید، خورشید صدیقی وغیرہ کے ہاتھوں قومی اردو کونسل کے بک اسٹال کا فیتہ کاٹ کر افتتاح ہوا۔